کبھی کبھی ہم اپنے ارد گرد دیکھتے ہیں کہ کچھ لوگ دین کا بہت علم حاصل کر لیتے ہیں۔ تفاسیر، احادیث، فقہ ہر چیز میں ماہر ہوتے ہیں، ہر بات کا ریفرنس ان کے پاس ہوتا ہے اور وہ ڈیبیٹس میں بھی اگلی بندے کا منہ بند کرا دیتے ہیں۔ لیکن پھر بھی ان کے رویے میں ایک عجیب سختی ہوتی ہے۔ انسان سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ اتنا علم حاصل کرنے کے بعد تو انسان کو اور زیادہ نرم اور عاجز ہونا چاہیے تھا، تو پھر یہ الٹا اتنے سخت کیوں ہو رہے ہیں؟
اس بات کو سمجھنے کے لیے ایک چھوٹی سی مثال دیکھیں۔ جب بارش ہوتی ہے تو بارش کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وہ کہاں برس رہی ہے۔ وہ محلوں پر بھی برستی ہے، بنجر زمین پر بھی اور زرخیز زمین پر بھی۔ بارش کا کام صرف برسنا ہے۔ اب یہ زمین کی اپنی ذمہ داری ہے کہ وہ اس پانی کو اپنے اندر کیسے ابزورب (absorb) کرتی ہے۔ زرخیز زمین اس پانی کو جذب کر کے خوبصورت پودے اور پھل اگاتی ہے، جبکہ بنجر زمین پر پانی پڑتا تو ہے لیکن وہ ویسے ہی خشک اور سخت رہتی ہے۔
بالکل یہی معاملہ ہدایت اور علم کا ہے۔ ہدایت اور قرآنی علم بارش کے ان ہی قطرے جیسا ہے۔ یہ ہم پر ڈیپینڈ (depend) کرتا ہے کہ ہم نے اپنے دل کو اس کے لیے کتنا تیار کیا ہے۔ اگر انسان کا دل ہی اندر سے سخت ہو اور وہ اس میں علم کو جگہ ہی نہ دے تو وہ چاہے جتنا بھی پڑھ لے اس کو ہدایت کا وہ حقیقی نور نہیں ملے گا۔
اس کی ایک اور سادہ سی مثال دیکھیں۔ آپ مارکیٹ گئے اور وہاں سے کسی پودے کے بہت اعلیٰ کوالٹی کے بیج خریدے۔ اب آپ نے ان بیجوں کو لا کر اپنے گھر کے ماربل یا پتھر کے فرش پر رکھ دیا اور روز ان کو بہترین سے بہترین پانی دے رہے ہیں۔ کچھ دنوں بعد جب پودا نہیں اگتا تو آپ جا کر دکاندار سے شکایت کرتے ہیں کہ "یہ کیسا بیج دیا تھا یہ تو اگ ہی نہیں رہا!" دکاندار آپ سے پوچھے گا کہ آپ نے اس کو لگایا کہاں تھا؟ جب آپ بتائیں گے کہ ماربل کے فرش پر، تو وہ یہی کہے گا کہ "بیج جتنا بھی اچھا ہو، اگر آپ اس کو زرخیز مٹی میں نہیں لگائیں گے تو پودا کیسے اگے گا؟"
یہاں سے ہمیں سمجھ آتا ہے کہ اصل مسئلہ علم یا دین کا نہیں ہوتا، بلکہ اس دل کا ہوتا ہے جس میں وہ علم رکھا جا رہا ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے قرآن میں کچھ لوگوں کے دلوں کو پتھروں سے تشبیہ دی ہے، جو اتنے سخت ہو جاتے ہیں کہ ان پر کسی چیز کا اثر ہی نہیں ہوتا۔
اصل مقصد یہ ہے کہ علم صرف دماغ میں انفارمیشن (information) جمع کرنے یا دلیلیں جیتنے کے لیے نہیں ہوتا، بلکہ اس کا اصل مقصد دل کو نرم کرنا اور انسان کو اندر سے بدلنا ہوتا ہے۔ اگر علم انسان کے اندر عاجزی اور اخلاق نہ لائے، تو قصور دین کا نہیں بلکہ اس دل کی زمین کا ہے جو ماربل کی طرح سخت ہو چکی ہے۔