یہ کچھ نوجون بچے تھے جو ایمان لے آئے تھے، توحید پر تھے، جبکہ ان کے وقت کا بادشاہ اور سب لوگ جو تھے وہ شرک پر تھے اور شرک ہی کی طرف بلاتے تھے۔ تو انہوں نے اپنا دین بچانے کے لیے ہجرت کی تھی کیونکہ نبی ﷺ بھی ہجرت کرنے والے تھے تو اس موقع پر یہ سورتیں نازل ہوئیں ۔
اس سے یہ پتہ چلتا ہےکہ
کسی جگہ پر رہ کر انسان کا دین ، ایمان خطرے میں ہو تو اسے وہاں سے نکل جانا چاہیے کیونکہ زمین وسیع ہے۔ اور ایسی جگہ تلاش کرنی چاہیے جہاں اللہ کی عبادت کرسکے اور اس جگہ پر نہ رہے جہاں اس کے لیے فتنہ ہو۔
ہم دیکھتے ہیں کہ ہر دور میں لوگوں نے دین کی خاطر اپنا گھر بار، رشتہ دار، اموال ، اولاد سب کچھ چھوڑ دیا۔
✷ اسی طرح فتنوں سے بچنے کے لیے بھی رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
وہ زمانہ قریب ہے کہ جب مسلمان کا بہترین مال بکریاں ہوں گی جن کو لے کر وہ پہاڑوں کی چوٹیوں اور بارش کے مقامات کی طرف نکل جائے گا وہ فتنوں سے راہ فرار اختیار کرکے اپنے دین کو بچالے گا۔
یعنی ایسی جگہوں پر رہنے کی بجا ئے جہاں پر اس کے لیے دین پر عمل کرنا مشکل ہے اس جگہ کو چھوڑ کر وہاں چلاجائے گا جہاں اس کے لیے سہولت ہوگی۔
کیونکہ آخرت میں یہ نہیں پوچھا جائے گا کہ دنیا کتنی کمائی بلکہ یہ پوچھا جائے گا کہ دین کتنا بچایا۔