بسم اللہ الرحمٰن الرحیم
جب ہم پریشان ہوتے ہیں تو سب سے زیادہ اس چیز کی طرف سکون حاصل کرنے کے لیے جاتے ہیں جس میں ہم آسان وقت میں سب سے زیادہ مشغول ہوتے ہیں۔
آپ نے بھی یہ بات نوٹس کی ہوگی کہ جب بہت پریشانی ہو تو کچھ لوگ:
• سگریٹ کی ڈبی پر ڈبی ختم کر دیتے ہیں۔
• گھنٹوں سوشل میڈیا اسکرول کرتے ہیں۔
• کچھ شراب پینے میں دھت ہوتے ہیں۔
• بعض حرام تعلق میں سکون کی تلاش کرتے ہیں۔
• کئی جھگڑے، طعنے اور الزام تراشی شروع کر دیتے ہیں۔
جبکہ
حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کو جب کوئی غم لاحق ہوتا تو نماز پڑھنے لگتے۔ (سنن ابی داود 1319)
ایسا کیوں ہے کہ نبی پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی امت ہوتے ہوئے ہم خوشی اور غم دونوں موقعوں پر ان کی سنت سے کوسوں دور ہیں۔
شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ زندگی میں آسان اور پرسکون لمحات ہوں تو ہم چند منٹوں کی لذت حاصل کرنے کے لیے ان چیزوں کی طرف رجوع کرتے ہیں جو یا تو حرام ہیں یا ہمارے دین میں ناپسندیدہ ہیں۔
اگر اس وقت ہی دھیان نماز پڑھنے میں لگائیں، جس طرح نماز پڑھنے کا حق بنتا ہے، تو مشکل میں بھی ہمارا دل اسی کی طرف مائل ہوگا۔
وَأَن لَّيْسَ لِلْإِنسَـٰنِ إِلَّا مَا سَعَىٰ
"اور یہ کہ انسان کے لیے کچھ نہیں ہے مگر وہ جس کی اس نے سعی کی۔" (القرآن 53:39)
عملی رہنمائی:
اس تدبر سے آپ اور میرے لیے یہ عملی رہنمائی ہے:
(i) ہم آسانی کے لمحات میں اللہ کا ذکر کریں تاکہ مشکل میں ہمیں سب سے زیادہ اسی کی یاد آئے۔
(ii) کسی بھی مشکل میں سب سے پہلی آسانی یہی ہوتی ہے کہ انسان غلط کام کے بجائے اپنے خالق کی طرف رجوع کرے