آج سے ہم 18 روزہ سیریز کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، جس میں ہم قرآن پر تدبر کرنا سیکھیں گے۔
دن 1: دلوں پر پڑے تالے کھولنا
اس سفر کا آغاز اس یقین کے ساتھ ہونا چاہیے کہ قرآن مجید میں ہمارے لیے زندگی کے ہر مرحلے میں ابدی رہنمائی موجود ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنے دلوں پر پڑے ان تالوں کو کھولنے کی کوشش کریں جو اس کتاب کے ساتھ ہمارے تعلق کو مضبوط ہونے سے روکتے ہیں۔
تدبر کیوں ضروری ہے؟
سب سے پہلی وجہ یہ ہے کہ تدبر کوئی اضافی عمل نہیں، بلکہ قرآن کے نزول کا مقصد ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے:
كِتَـٰبٌ أَنزَلْنَـٰهُ إِلَيْكَ مُبَـٰرَكٌ لِّيَدَّبَّرُوٓا۟ ءَايَـٰتِهِۦ وَلِيَتَذَكَّرَ أُو۟لُوا۟ ٱلْأَلْبَـٰبِ ٢٩
یہ ایک بڑی برکت والی کتاب ہے جو (اے محمدؐ)ہم نے تمہاری طرف نازل کی ہے تاکہ یہ لوگ اس کی آیات پر غور کریں اور عقل و فکر رکھنے والے اس سے سبق لیں۔ (القرآن 38:29)
یعنی قرآن صرف الفاظ پڑھ کر گزر جانے کے لیے نہیں اتارا گیا، بلکہ اس لیے اتارا گیا ہے کہ ہم اس کی آیات پر ٹھہر کر غور کریں اور اس سے نصیحت حاصل کریں۔ ہدایت اسی غور و فکر کے راستے سے دل میں اترتی ہے۔ اگر ہم تدبر کے بغیر پڑھتے رہیں تو ہم اس مقصد سے محروم رہ جاتے ہیں جس کے لیے یہ کتاب آئی ہے۔
دوسری وجہ یہ ہے کہ اللہ نے خود تدبر نہ کرنے پر سوال اٹھایا ہے۔ اور اس سوال میں ہمارے لیے ایک اہم بات چھپی ہے: اللہ نے کہیں نہیں فرمایا کہ قرآن مقفل ہے، بلکہ تالوں کا ذکر دلوں کے بارے میں کیا ہے، جیسا کہ سورۃ محمد میں ارشاد ہے:
أَفَلَا يَتَدَبَّرُونَ ٱلْقُرْءَانَ أَمْ عَلَىٰ قُلُوبٍ أَقْفَالُهَآ ٢٤
کیا ان لوگوں نے قرآن پر غور نہیں کیا، یا دلوں پر ان کے قفل چڑھے ہوئے ہیں؟" (القرآن 47:24)
اسے مزید وضاحت سے سمجھنے کیلئے اس تدبر کا ملاحظہ کریں: https://quranreflect.com/posts/31427
اگر میں قرآن مجید کے ساتھ وقت نہیں گزار رہا، اس کے معنی پر غور نہیں کر رہا اور پوری توجہ کے ساتھ ہدایت حاصل کرنے کی کوشش نہیں کر رہا، تو شاید میں قرآن کی اصل کو چھوڑ رہا ہوں، اگرچہ میں اس پر ایمان رکھتا ہوں۔
مجھے امید ہے کہ اب آپ پر یہ بات واضح ہو گئی ہو گی کہ قرآن پر تدبر کیوں ضروری ہے۔ اگلی بار ہم اس پر غور کریں گے کہ تدبر کیا ہے اور اسے کیسے کیا جائے۔
میں تدبر کے چند اہم طریقے آپ کے ساتھ شیئر کروں گا جنہیں ہم میں سے ہر شخص اپنی استطاعت کے مطابق اپنا سکتا ہے۔ ان طریقوں کو پانچ زاویے (5 Lenses) کہا جاتا ہے۔ میں مثالوں کے ذریعے یہ بھی بتاؤں گا کہ تدبر کرتے ہوئے ان زاویوں کو کیسے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
میں چاہتا ہوں کہ آپ بھی اس سفر میں میرے ساتھ شامل ہوں۔ اپنے تدبرات شیئر کرنے سے نہ گھبرائیں! اگر آپ تدبر شیئر کرنے میں جھجک محسوس کرتے ہیں تو آپ اس تدبر سے راہنمائی حاصل کرسکتے ہیں: https://quranreflect.com/posts/31628