کسی کو معاف کرنا صرف اس وقت آسان ہوتا ہے جب وہ یہ چاہے کہ اسے معاف کردیا جائے۔
ہم میں سے کون اس بات کا دعوی کرسکتا ہے کہ ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا یا دوسرے کی برائی نہیں کی اگر تم دوسروں سے درگزر کروگے تو اللہ تعالی بھی خوب معاف کرنے والا ہے۔
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کا واقعہ ہمارے سامنے بہترین مثال ہے۔
حضرت ابو بکر رضی اللہ نے جب حضرت عائشہ پر الزام لگانے والوں میں شامل اپنے ایک رشتہ دار کے بارے میں سوچ لیا کہ ان کا وظیفہ بند کر دینا ہے تو اللہ نے اس پر سورہ النور میں ابو بکر رضی اللہ عنہ کو ان کو معاف کرنے کا فرمایا کہ کیا تم نہیں چاہتے کہ اللہ تمہیں معاف فرما دے ۔
تو گناہوں کی بخشش کے لئے صرف استغفار کی تسبیح ہی نہیں بلکہ لوگوں کو معاف بھی کرنا چاہیے۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ہم نے رسول اللہ ﷺ کے تلوار کے دستے میں یہ لکھا ہوا پایا کہ جو تم پے ظلم کرے اس سے درگزر کرو۔
اسکا یہ مطلب نہیں کہ انسان ظلم سہتا ہی چلا جائے بلکہ یہ کہ ظلم کو دور کرنے کے لیے ظالمانہ رویہ کبھی اختیار نہیں کرنا چاہیے۔
احسن تدبیر کے ساتھ اس کو دور کرے۔
رشتہ توڑنے والے کے ساتھ رشتہ جوڑو۔
اصل بڑائی اللہ رب العزت کی ہے۔کبھی ہم چھوٹے بھی بن جائیں تو کوئی بات نہیں ، بڑائی تو اللہ رب العزت کی ہے ہم تو بہت چھوٹے ہیں ہمیں جھکنا آنا چاہیے
جو ہمارے ساتھ برا کرے اس پر احسان کرو یہ بڑے دل کا کام ہے۔
حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ جو شخص رحم نہیں کرتا اس پر رحم نہیں کیا جاتا۔
جو معاف نہیں کرتا اسے معافی نہیں ملتی۔ جو درگزر نہیں کرتا اس سے بھی درگزر نہیں کیا جاتا، جو توبہ قبول نہیں کرتااس کی بھی توبہ قبول نہیں کی جاتی، جو گناہ سے خود نہیں بچتا اسے بچایا بھی نہیں جاتا۔
ہمیشہ صرف اپنے حقوق کا خیال نہیں رکھنا چاہیے کبھی دوسرے کوحق سے بڑھ کردینےسے اس سے زیادہ بھی ملے گا۔جو نیکی کرتا ہے وہ نیکی پاتا ہے۔