دن 3: دل کا فلٹر
"کون سی چیز مجھے قرآن سے جڑنے سے روک رہی ہے؟"
ایک بڑی رکاوٹ جو لوگوں کو قرآن پر غور و فکر کرنے سے روکتی ہے، وہ یہ خوف ہے کہ کہیں وہ قرآن کو غلط نہ سمجھ بیٹھیں۔ درحقیقت، یہ ایک مثبت خوف ہے، جو اللہ کے کلام کی عظمت اور اس کے ادب و احترام کے احساس سے پیدا ہوتا ہے۔
ہمیں اللہ کے کلام کا ادب ملحوظ رکھنا اور اپنی حدود کا احساس برقرار رکھنا چاہیے، لیکن ساتھ ہی اس خوف پر قابو پانا بھی ضروری ہے جو ہمیں قرآن کے ساتھ ایک بامعنی تعلق قائم کرنے سے روک دیتا ہے۔
"کیا قرآن پر غور و فکر کرنے کے لیے میرا ایک اچھا رائٹر ہونا ضروری ہے؟"
یاد رکھیں، آپ سے یہ توقع نہیں کی جا رہی کہ آپ آیات کو سمجھتے ہوئے کوئی شاندار تحریر لکھیں یا کوئی چونکا دینے والا نکتہ پیش کریں۔ تدبر کے نتیجے میں ایسی تحریریں اور نکات سامنے آ سکتے ہیں، لیکن اس کا اصل مقصد بہت سادہ ہے: قرآن کو اپنے دل میں اترنے دیں اور اسے اپنی زندگی پر اثر انداز ہونے دیں۔
یہ بھی یاد رکھیں کہ قرآن ہم تک پہنچنے سے پہلے نبی کریم ﷺ کے قلبِ مبارک پر نازل ہوا تھا:
نَزَلَ بِهِ ٱلرُّوحُ ٱلْأَمِينُ ١٩٣ عَلَىٰ قَلْبِكَ لِتَكُونَ مِنَ ٱلْمُنذِرِينَ ١٩٤
"اسے لے کر تیرے دل پر امانت دار رُوح اُتری ہے، تاکہ تو اُن لوگوں میں شامل ہو جو (خدا کی طرف سے خلق خدا کو) متنبّہ کرنے والے ہیں۔"
(سورۃ الشعرا: 194-193)
لہٰذا، آغاز ہی میں یہ بات واضح کر لیں کہ تدبر محض ذہنی مشق نہیں، بلکہ دل سے قرآن سے جڑنے اور اس کے پیغام کو اپنی زندگی میں اتارنے کا نام بھی ہے۔
"دل کا فلٹر کیا ہے؟"
غور و فکر کے ان پانچ زاویوں کی طرف بڑھنے سے پہلے ہمیں اس فلٹر کو سمجھنا ہوگا جس سے گزر کر ہم قرآن کے پیغام کو سمجھتے اور محسوس کرتے ہیں۔ یہ فلٹر ہمارا دل ہے۔
جس طرح کیمرے کے لینز پر کسی رنگ کی تہہ چڑھی ہو تو وہ منظر کو اسی رنگ میں دکھاتا ہے، اسی طرح ہمارے دل کی کیفیت بھی اس بات پر اثر انداز ہوتی ہے کہ ہم اللہ کے کلام کو کس طرح سمجھتے اور اس سے کیا حاصل کرتے ہیں۔
ہم دیکھتے ہیں کہ بعض لوگ قرآن سنتے ہیں، بلکہ اسے پڑھنا اور پڑھانا ہی ان کا ذریعۂ معاش ہوتا ہے، لیکن اس کے باوجود انہیں اس سے نہ روحانی غذا ملتی ہے، نہ ہدایت اور نہ ہی اپنی اصلاح کی ترغیب۔ ان کی کیفیت ان لوگوں جیسی ہوتی ہے جن کا ذکر اس آیت میں آیا ہے، جو مثال پر اعتراض کرتے ہوئے کہتے ہیں:
"ایسی تمثیلوں سے اللہ کو کیا سروکار؟" (القرآن 2:26)
اس آیت پر ایک ایسے تجربے کے حوالے سے غور کریں جس سے ہم سب گزرے ہیں:
https://quranreflect.com/posts/31838
"ایک مومن کے لیے دل کے فلٹر کا کیا مطلب ہے؟"
ایک مومن کے لیے دل کے فلٹر کو سمجھنے کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنے دل کو ہدایت کی روشنی قبول کرنے اور قرآن پر غور و فکر کرنے کے لیے تیار کرے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ ہم عاجزی، اخلاص اور توبہ کے ساتھ اللہ کے کلام کی طرف رجوع کریں۔
اس کے ساتھ یہ بھی اہم ہے کہ ہم اپنے دل کی کیفیت کو بہتر بنانے کی کوشش کرتے رہیں، اور تلاوت و تدبر کے ذریعے اسے قرآن کے پیغام کو قبول کرنے کے لیے تیار کریں۔
ہم اللہ تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ وہ ہمارے دلوں کو پاکیزگی عطا فرمائے، ہمیں اپنے کلام کو صحیح طور پر سمجھنے کی توفیق دے، اور ہمیں قرآن کو اس کی حقیقی روح اور پیغام کے ساتھ سمجھنے اور اس سے ہدایت حاصل کرنے والا بنائے۔ آمین۔