ہم آئے دن کسی نہ کسی انسان کی خودکشی کی خبر پڑھتے ہیں۔ میں جب بھی ایسی کوئی خبر پڑھتی ہوں تو ایک لمحے کے لیے رک کر سوچتی ہوں کہ یار! وہ انسان کس حد تک بے بس ہوگا، کس شدید اندھیرے اور تکلیف سے گزر رہا ہوگا کہ اس نے اپنی جان ہی ختم کر ڈالنے کا فیصلہ کر لیا۔ جب سارے راستے بند ہو جاتے ہیں اور ہر طرف اندھیرا ہی اندھیرا دکھائی دیتا ہے، تبھی انسان یہ آخری قدم اٹھاتا ہے۔ میں یہ نہیں کہتی کہ اس کا یہ قدم صحیح ہے، لیکن اس کی بے بسی کو محسوس ضرور کیا جا سکتا ہے۔
ہمارے معاشرے کا المیہ یہ ہے کہ ہم نے لوگوں کو جج کرنا بہت آسان بنا لیا ہے۔ ہمارے سامنے بے شمار ہنستے کھیلتے چہرے ہوتے ہیں، جو ہر وقت محفلوں میں مسکراتے نظر آتے ہیں، لیکن ہمیں کیا پتہ کہ اس مسکراہٹ کے پیچھے کتنا بڑا غم چھپا ہے۔ آج کل تو سوشل میڈیا نے بھی کمال کر رکھا ہے ہر کوئی وہاں اپنی خوشیوں اور ہنسی کی تصویریں لگا رہا ہوتا ہے۔ یہ چمک دمک دیکھ کر اندر سے ٹوٹے ہوئے انسان کو لگتا ہے کہ بس میری ہی زندگی خراب ہے اور باقی سب کتنے خوش ہیں۔ ہم یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ سب فیک گلیمر ہے، پردے کے پیچھے ہر کوئی اپنی کوئی نہ کوئی جنگ لڑ رہا ہے۔ اوپر سے ہمارے معاشرے کے طعنے، "لوگ کیا کہیں گے؟" کا ڈر، اور چھوٹی چھوٹی باتوں پر انسان کو طعنے دینا یہ سب چیزیں ڈپریشن کے مریض کو بالکل دیوار کے ساتھ لگا دیتی ہیں۔
اس لیے میری والدین سے دوستوں سے اور ہر ایک سے ہاتھ جوڑ کر درخواست ہے کہ "اپنے پیاروں کو ہر بات پر جج مت کیا کریں! " اگر ان سے کوئی غلطی ہو جاتی ہے، تو انہیں پیار سے سبق سکھائیں، سمجھائیں انہیں اس طرح نہ ڈانٹیں یا ماریں کہ وہ خوفزدہ ہو جائیں۔ سوچیں ذرا، جب کوئی بچہ یا دوست یہ سوچنے پر مجبور ہو جائے کہ "اگر میں نے اپنی پریشانی بتائی تو امی ابا مجھے ڈانٹیں گے، بہن بھائی کیا کہیں گے اور دوست میرا مذاق اڑائیں گے" تو وہ تو اندر ہی اندر گھٹ کر رہ جاتا ہے۔
ہمیں اپنے آپ کو اور اپنے گھروں کو ایسا پرامن اور محفوظ ماحول بنانا چاہیے جہاں لوگ بلا جھجھک، بغیر کسی ڈر کے اپنی تکلیفیں ہم سے شیئر کر سکیں، تاکہ کسی کی قیمتی جان بچ سکے۔ ہر وقت صرف اپنی مستی اور پارٹیز میں مگن نہ رہیں۔ کبھی اپنے جاننے والوں سے، دوستوں سے یہ بھی پوچھ لیا کریں کہ "یار! تم ٹھیک تو ہو نہ؟"
پھر جب میں اللہ تعالیٰ کے نظام کو سوچتی ہوں تو ذہن میں آتا ہے کہ جس نے ہمیں پیدا کیا، وہ تو ہمارے ہر حال کو دیکھ رہا ہے۔ سورۃ البقرہ میں اللہ فرماتے ہیں کہ وہ ہمیں خوف، بھوک، مال اور جان کے نقصان سے آزمائیں گے۔ یہ دنیا ہمارے لیے ایک امتحان گاہ ہے۔ ہم انسانوں کو اللہ نے عام مخلوق نہیں بنایا، بلکہ اپنا خلیفہ اور اشرف المخلوقات بنا کر بھیجا ہے۔ اسے یوں سمجھیں جیسے ہم آج کل AI (مصنوعی ذہانت) کی مثال دیکھتے ہیں۔ انسان جب AI کو بناتا ہے اور اسے اختیارات دیتا ہے، تو اسے مسلسل ٹیسٹ کیا جاتا ہے کہ کہیں یہ انسانوں کا نقصان تو نہیں کرنا شروع کر دے گی؟ بالکل اسی طرح، جب اللہ نے انسان کو اتنا بڑا مقام، عقل اور اختیار دیا، تو اس کا ٹیسٹ اور اس کا معیار بھی الگ رکھا۔ اگر اللہ کی ہم سے توقعات بڑی ہیں تو اس لیے کیونکہ اس نے ہمیں نائب بنایا ہے اور جو اس سخت امتحان میں صبر کرتا ہے اس کے لیے بدلہ بھی پھر ابدی جنت اور نعمتیں ہیں۔
اگر خدا نخواستہ آپ کی زندگی میں بھی کبھی ایسا کٹھن وقت آ جائے کہ لگے کہ بس اب سب ختم ہو گیا، کوئی راستہ نہیں بچا تو میری ایک بات مانیں۔ اپنے آپ کو اور اپنی زندگی کو کچھ دنوں کی مہلت دیں۔ خدارا خود پہ رحم کریں ۔ یہ انتہائی قدم نہ اٹھائیں!
تھوڑا سا ٹھہر جائیں۔ قرآن کھولیں اسے پڑھیں اور سمجھیں۔ اپنے رب کے سامنے بیٹھ کر جی بھر کر روئیں اور دعائیں مانگیں۔ اس کی رحمت سے کبھی ناامید نہ ہوں کیونکہ مایوسی تو انسان کو اندر سے توڑ دیتی ہے۔ ایک ماں کی محبت کو دیکھیں تو ہم سوچ بھی نہیں سکتے کہ وہ اپنے بچے پر کوئی آنچ آنے دے گی تو پھر وہ رب جو رحیم ہے، جو ماں سے بھی کہیں زیادہ پیار کرتا ہے، وہ آپ کو یوں ہی تڑپتا کیسے چھوڑ دے گا؟ وہ اسی کو آزماتا ہے جس میں برداشت کا ظرف ہوتا ہے۔ میں نبیوں کے قصوں کی صبر کی مثالیں دوں تو یہ بہت لمبا ہو جائے گا کہ کیسے وہ ہر کھٹن اور مشکل وقت میں توکل کے ساتھ صبر کرتے رہے ۔ پھر آپ دیکھیں اللہ نے کیسے کیسے اِنعامات اور خوشخبریوں سے نوازا ۔ یہ وہی رب ہے جو انکا بھی ہے اور تمہارا بھی تو تم کیسے ناامید ہوسکتے ہو؟
چاہے اربوں روپے ڈوب گئے ہوں
کوئی بڑا دھوکہ ہوا ہو، کوئی اپنا چھوڑ کر چلا گیا ہو، یا معاشرے کا دباؤ ہو یہ سب تکلیف دہ ہے لیکن کچھ دنوں کی بات ہوتی ہے، وقت ایک جیسا نہیں رہتا حالات بدل جاتے ہیں اور کوئی نہ کوئی راستہ نکل ہی آتا ہے۔
زندگی سے بھاگنا نہیں ہے، اس دنیا میں اپنے لیے اسٹینڈ لینا سیکھیں اور ڈٹ کر لڑنا سیکھیں۔ زندگی نعمت ہے اللہ کی خدا کے لیے اسکی قدر کریں ۔