Back to Suffah

Reflection

الحمدللہ، ان شاء اللہ اور ما شاء اللہ، یہ تینوں کلمات ہمیں سورۃ الکہف میں ملتے ہیں، اور ہر ایک کے پیچھے ایک خاص پیغام ہے۔

1. الحمدللہ!

"تعریف اللہ کے لیے ہے جس نے اپنے بندے پر یہ کتاب نازل کی اور اس میں کوئی ٹیڑھ نہ رکھی۔" (آیت 1)

سورۃ کے آغاز میں ہمیں سکھایا گیا ہے کہ اللہ کی نازل کردہ کتاب پر اس کی حمد و ثنا کریں، کیونکہ اس میں کسی طرح کی کوئی کجی نہیں، نہ اس کے الفاظ میں اور نہ ہی اس کے پیغام میں۔ یہ اللہ کی ایسی نعمت ہے جس پر ہمیں ہمیشہ شکر ادا کرنا چاہیے۔ الحمدللہ!

لفظ ”الحمدللہ“ اس بات کو بھی نمایاں کرتا ہے کہ اللہ کی طرف سے نازل ہونے والی وحی اہلِ ایمان کے لیے اطمینان کا ذریعہ ہے، جیسے یہ رسول اللہ ﷺ کے لیے تھی۔ خاص طور پر اس وقت، جب آپ ﷺ کے مخالفین نے آپ سے تین سوالات پوچھے اور وحی آنے میں تاخیر ہوئی۔ ذرا تصور کریں کہ پندرہ دن بعد جب ان سوالات کے جواب آئے ہوں گے تو اہلِ ایمان کو کس قدر اطمینان ملا ہوگا۔ (تفسیر ابن کثیر میں اس واقعے کا ذکر ملتا ہے)

جب بھی ہم قرآن مجید پڑھیں، ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ اس نے ہمیں ہدایت دی اور ہمیں بھٹکنے کے لیے نہیں چھوڑا۔ قرآن کی کوئی آیت جب ہمیں اللہ کی یاد دلائے یا اس پر غور کرنے سے ہمیں کوئی نئی بات سمجھ آئے، تو ہمیں الحمدللہ کہنا چاہیے۔

۲۔ ان شاء اللہ!

"اور دیکھو، کسی چیز کے بارے میں کبھی یہ نہ کہا کرو کہ میں کل یہ کام کر دوں گا،(تم کچھ نہیں کر سکتے)اِلّا یہ کہ اللہ چاہے۔" (آیات 23، 24)

بہت سے علماء کے مطابق، سورۃ الکہف ان سوالات کے جواب میں نازل ہوئی جو رسول اللہ ﷺ سے پوچھے گئے تھے۔ یہ سوالات آپ ﷺ کی نبوت کے دعوے کی صداقت معلوم کرنے کے لیے کیے گئے تھے۔ جب آپ ﷺ سے یہ سوالات پوچھے گئے تو آپ ﷺ نے فرمایا:

أُخْبِرُكُمْ غَدًا بِمَا سَأَلْتُمْ عَنْهُ

”میں کل تمہیں ان باتوں کے بارے میں بتاؤں گا جن کے متعلق تم نے سوال کیا ہے۔“

لیکن آپ ﷺ نے اس کے ساتھ ”ان شاء اللہ“ نہیں کہا۔

اس واقعے سے ہمیں دو باتیں سیکھنے کو ملتی ہیں۔ پہلی یہ کہ اگر ہم اللہ کا نام لینا بھول بھی جائیں، تب بھی وہ اپنی رحمت سے اپنے مومن بندوں کی خواہش پوری کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ چاہتا تو وحی روک کر اس بھول پر سخت تنبیہ کر سکتا تھا، لیکن اس کے باوجود اس نے اپنی رحمت سے وحی نازل کی۔

وحی میں ہونے والی تاخیر ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہم ہر معاملے میں اللہ کے محتاج ہیں، اور مستقبل میں کیے جانے والے کسی بھی کام کا ارادہ کرتے ہوئے ہمیں اللہ کی مشیت کو یاد رکھنا چاہیے اور کہنا چاہیے کہ ”ان شاء اللہ“۔

حضرت موسیٰ علیہ السلام اور حضرت خضر علیہ السلام کے سفر میں بھی یہی سبق ملتا ہے۔ جب حضرت موسیٰ علیہ السلام نے کہا کہ وہ صبر سے کام لیں گے تو فرمایا:

موسیٰؑ نے کہا "انشاءاللہ آپ مجھے صابر پائیں گے اور میں کسی معاملہ میں آپ کی نافرمانی نہ کروں گا"۔ (آیت 69)

اگلی بار جب ہم مستقبل کے لیے کوئی منصوبہ بنائیں تو یہ بات ضرور یاد رکھیں کہ ہر کام اللہ کی مشیت سے ہی ممکن ہے۔ ان شاء اللہ!

۳۔ ما شاء اللہ!

"اور جب تُو اپنی جنّت میں داخل ہو رہا تھا تو اس وقت تیری زبان سے یہ کیوں نہ نکلا کہ ماشاء اللہ، لاقوة اِلّا باللّٰہ؟" (آیت 39)

ہم عموماً ”ما شاء اللہ“ اس وقت کہتے ہیں جب کوئی ہمیں اچھی خبر سنائے یا ہم کوئی ایسی چیز دیکھیں جو ہمیں اچھی لگے۔ لیکن کبھی کبھی ہم یہ الفاظ صرف بڑی خوشیوں یا خاص مواقع پر ہی کہتے ہیں۔

سورۃ الکہف میں ایمان والا شخص اپنے پڑوسی کو نصیحت کرتے ہوئے کہتا ہے:

"اور جب تُو اپنی جنّت میں داخل ہو رہا تھا تو اس وقت تیری زبان سے یہ کیوں نہ نکلا کہ ماشاء اللہ، لاقوة اِلّا باللّٰہ؟" (آیت 39)

یہاں دو مختلف سوچ رکھنے والے لوگوں کا فرق واضح ہوتا ہے۔ کچھ لوگ دنیاوی چیزوں اور کامیابیوں کو اپنی محنت کا نتیجہ سمجھتے ہیں اور یہ بھول جاتے ہیں کہ یہ سب اللہ کے فضل سے حاصل ہوا ہے۔ اس کے برعکس، ایک مومن ہر نعمت پر اللہ کو یاد کرتا ہے اور ”ما شاء اللہ“ کہتا ہے، چاہے وہ اپنے گھر میں داخل ہو یا دفتر میں۔

مجھے ان تینوں کلمات کی بات بہت خوب صورت لگتی ہے کہ ان میں ہر معاملے کو، ہر وقت، اللہ کی طرف منسوب کیا گیا ہے۔

- جو کچھ ماضی میں ہو چکا، اس پر الحمدللہ۔
- جو نعمت دیکھ کر ہمیں خوشی ہو، اس پر ما شاء اللہ۔
- مستقبل میں کوئی بھی کام کرنے کا ارادہ ہو تو ان شاء اللہ۔

اس طرح ایک مومن کا دل، اس کی امیدیں اور اس کی خواہشات ہمیشہ اللہ سے جڑی رہتی ہیں۔

اور ہاں، اگر آپ کو ہمارے پلیٹ فارم پر ہونے والی نئی تبدیلیاں پسند آ رہی ہیں تو کمنٹ میں الحمدللہ یا ما شاء اللہ کہنا نہ بھولیے گا!

تدبر کرتے رہیں اور قرآن کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں!

Al-Kahf (18:1)
[All] praise is [due] to Allāh, who has sent down upon His Servant [Muḥammad (ﷺ)] the Book and has not made therein any deviance. (1)
Al-Kahf (18:23-24)
And never say of anything, "Indeed, I will do that tomorrow," (23) Except [when adding], "If Allāh wills." And remember your Lord when you forget [it] and say, "Perhaps my Lord will guide me to what is nearer than this to right conduct." (24)
Al-Kahf (18:39)
And why did you, when you entered your garden, not say, 'What Allāh willed [has occurred]; there is no power except in Allāh'? Although you see me less than you in wealth and children, (39)
Al-Kahf (18:69)
[Moses] said, "You will find me, if Allāh wills, patient, and I will not disobey you in [any] order." (69)
10:51 am · 5 Nov 26 · 0 Views
0 Replies 0 Reposts 0 Quotes 0 Likes 0 Bookmarks
No replies yet
Be the first to add your thoughts

There's more to see

Log in or create a free account to read more posts, replies and conversations on Suffah.

Log in Create account
Log in to reply