دن 2: قرآن پر غور و فکر کا آغاز کیسے کریں؟
"تدبر اور تفسیر میں کیا فرق ہے؟"
قرآن پر غور و فکر سے اصل میں کیا مراد ہے، اس بارے میں خاصی الجھن پائی جاتی ہے۔ عربی میں اسے عموماً تدبر کہا جاتا ہے۔
ہم جانتے ہیں کہ تدبر اور تفسیر ایک چیز نہیں ہیں۔ تفسیر قرآن کے معانی کی وضاحت کا علم ہے۔ قرآن میں کوئی ایک آیت بھی ایسی نہیں جو تمام لوگوں کو تفسیر کرنے کی دعوت دیتی ہو، لیکن کئی آیات تدبر کی مرکزی اہمیت پر زور دیتی ہیں۔
"قرآن پر غور کسے کرنا چاہیے؟"
غور و فکر ہر ایک کے لیے ہے، بڑے سے بڑے عالم سے لے کر مجھ اور آپ جیسے عام لوگوں تک۔ یہ قرآن کو دل و دماغ کی پوری توجہ کے ساتھ سمجھنے اور اس کے پیغام کو اپنے دل میں اتارنے کا ایک طریقہ ہے، تاکہ قرآن ہماری سوچ، رویّے اور زندگی پر اثر انداز ہو سکے۔
یہاں سوال یہ نہیں کہ "قرآن کا مطلب کیا ہے؟" بلکہ یہ ہے:
"اس کا میرے لیے کیا مطلب ہے؟"
"یہ مجھ سے کیا تقاضا کرتا ہے؟"
"غور کرنے سے مجھے کیا حاصل ہوگا؟"
تدبر کا مطلب ہے کہ آیت کو پہلے اس کے ظاہری انداز میں سمجھیں اور پھر اس پر مزید گہرائی سے غور کریں۔ ساتھ ہی، ہمیں یہ بھی سوچنا چاہیے کہ یہ آیت ہماری اپنی زندگی سے کیسے جڑتی ہے۔ اس طرح ہم ایسی حقیقتوں کو نئے انداز سے سمجھ سکتے ہیں جنہیں شاید ہم پہلے سے جانتے ہوں، لیکن تدبر ہمیں ان کی اہمیت کا احساس دلاتا اور انہیں دوبارہ یاد دلاتا ہے۔
یہ دراصل اخلاص کے ساتھ قرآن سے جڑنے کا عمل ہے، جس کی ابتدا اس پختہ یقین سے ہوتی ہے کہ یہ میرے خالق،مالک اور رہنما کا کلام ہے۔ اس کے کلام میں کوئی کجی نہیں، اور اس میں کوئی بات کامل حکمت کے بغیر نہیں۔
اپنے اندر عاجزی پیدا کرنے اور وحی کی روشنی میں خود کو ڈھالنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم غور و فکر کی اس صلاحیت کو پروان چڑھائیں۔ یہ ایسی صلاحیت نہیں جو انسان کو پیدائشی طور پر حاصل ہو، بلکہ اسے سیکھنا پڑتا ہے۔ یہ بھی ایک طرح کی خواندگی ہے، لیکن ایسی نہیں جس کا تعلق صرف حروف اور آوازوں کو پہچاننے سے ہو، بلکہ یہ وحی کے پیغام پر غور کرنے اور اس کے معانی کو سمجھنے کی صلاحیت ہے۔
یہ سیریز تدبر کی پانچ بنیادی مہارتوں کو پانچ زاویوں (Five Lenses) کے ذریعے مختصر اور آسان انداز میں سمجھنے میں آپ کی مدد کرے گی۔ جب آپ ان پانچ زاویوں کو استعمال کرنا سیکھ جائیں گے تو آپ تدبر کی بالکل ابتدائی سطح سے آغاز کرکے آہستہ آہستہ مزید گہرائی کی طرف بڑھ سکیں گے۔
"یہ پانچ زاویے کون سے ہیں؟"
زاویے یہ ہیں:
1. الفاظ
2. قرآنی سیاق
3. ذاتی تجربہ
4. ربط و تعلق
5. عمومی اسباق
لیکن ان زاویوں کی طرف بڑھنے سے پہلے ایک نہایت اہم بات سمجھنا ضروری ہے، جسے ہم اگلے سبق میں بیان کریں گے۔ لہٰذا ہمارے ساتھ رہیے۔